لیہ( نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈپٹی کمشنر /کنٹرولر سول ڈیفنس لیہ آصف علی ڈوگر کی ہدایت پر ضلع لیہ میں غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ اور ڈیکینٹنگ کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں ایس ڈی ای او پیرا ام حبیبہ قریشی اور سول ڈیفنس آفیسر محمد توقیر نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے چوک اعظم کے علاقے میں غیر قانونی طور پر ایل پی جی گیس کی ری فلنگ اور گاڑیوں میں گیس بھرنے میں ملوث ورکشاپس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔اس موقع پر غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ/ڈیکینٹنگ میں ملوث تین ورکشاپس کے خلاف مقدمات درج کروا دیے۔ کارروائی کے دوران قانون کی خلاف ورزی پر ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی گئی تاکہ شہریوں کی جان و مال کو لاحق خطرات کا تدارک کیا جا سکے۔اس موقع ام حبیبہ قریشی نے کہا کہ غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ اور ڈیکینٹنگ نہ صرف سنگین جرائم ہیں بلکہ یہ انسانی جانوں کے لیے بھی انتہائی خطرناک عمل ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈپٹی کمشنر لیہ کی ہدایات کے مطابق ایسے غیر قانونی کاروبار کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے اور آئندہ بھی عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی

