لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی)سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارۂ امتیاز، تمغۂ امتیاز) کے وژن کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر سجاد احمد کی زیرِ قیادت ریسکیو 1122 لیہ نے سال 2025 کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر1,894 ایمرجنسیز پر بروقت رسپانس دیتے ہوئے 44,881 شہریوں کو ریسکیو سروسز فراہم کیں۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق سال بھر کے دوران ریسکیو 1122 لیہ کو190,806 کالزموصول ہوئیں جن میں سے 41,894 ایمرجنسی کالز تھیں۔ ان ایمرجنسیز میں6,568 روڈ ٹریفک حادثات، 29,939 میڈیکل ایمرجنسیز، 270 فائر ایمرجنسیز، 752 کرائم ایمرجنسیز، 12 ڈوبنے کے واقعات اور 3,523 دیگر ایمرجنسیزشامل تھیں، جبکہ ایمرجنسی کالز کا یومیہ اوسط تناسب115 کالزریکارڈ کیا گیا۔ریسکیو 1122 لیہ نے سال بھر کے دوران تینوں تحصیلوں میں متاثرہ شہریوں کو بروقت طبی و ریسکیو سہولیات فراہم کیں، جن کے مطابق تحصیل لیہ میں 35,614، تحصیل کروڑ میں 7,566 جبکہ تحصیل چوبارہ میں 1,701 شہریوں کو ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں۔ضلع بھر میں پیش آنے والے 6,568 حادثات میں 7,615 افراد متاثر ہوئے جبکہ 77 افراد موقع پر جاں بحق ہوئے۔1,274 شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ6,264 متاثرین کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔سال 2025 کے دوران 270 فائر ایمرجنسیز میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے 425.46 ملین روپے مالیت کی پراپرٹی کو محفوظ بنایا گیا۔ آگ لگنے کے زیادہ تر واقعات شارٹ سرکٹ، گیس لیکج اور لاپرواہی کے باعث پیش آئے۔ریسکیو 1122 لیہ نے سال بھر کے دوران 6,506 مریضوں کو بہتر علاج کے لیے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا جن میں4,352 مریض ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں جبکہ 2,154 مریضوں کو دوسرے اضلاع کے بڑے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔سپر فلڈ 2025 کے دوران1,093 افراد کو پیشگی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ778 افراد اور 215 مال مویشیوں کو کشتیوں کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر سجاد احمد نے کہا کہ عوامی شعور بیدار کرنے کیلئے پاک لائف سیور پروگرام اورکمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت مدد ممکن ہو سکے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ہیلپ لائن 1122 پر بے جا کالز سے گریز کریں تاکہ اصل ایمرجنسی متاثر نہ ہو۔
