لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) کوٹ سلطان شہر اور گرد و نواح میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں کے لیے شدید خطرہ بن گئی۔ کھوکھر آباد کے رہائشی اعجاز حسین پر گزشتہ روز صبح کی واک کے دوران اچانک آوارہ کتوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔ زخمی شہری کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹ سلطان منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔اس واقعہ کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کے آزادانہ گھومنے پھرنے سے بچوں اور خواتین کی نقل و حرکت بھی متاثر ہو رہی ہے جبکہ کسی بھی وقت بڑا سانحہ پیش آسکتا ہے۔علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں تلف کیا جائے تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

