لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)قائد اعظم ڈے اور کرسمس کے موقع پر محکمہ سپورٹس کے زیر اہتمام فٹ بال میچ کا انعقاد کیا گیا جو چٹان کلب اور آزاد کلب کے درمیان کھیلا گیا۔ میچ کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر،اسسٹنٹ کمشنر زہیب کریم،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر امتیاز احمد بھٹی ودیگر افسران و شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔کانٹے دار مقابلے کے بعد چٹان کلب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ اپنے نام کر لیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اصف علی ڈوگر نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو جسمانی طور پر چاک و چوبند رکھنے کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نوجوانوں کو قوم کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے تھے اور ہمیشہ صحت مند، متحرک اور باکردار نوجوان نسل پر زور دیتے رہے۔ آج کے دور میں کھیلوں کی سرگرمیاں اسی فکر کا عملی مظہر ہیں جو نوجوانوں کو مثبت سمت میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ نئی نسل کو تعمیری اور مثبت ماحول فراہم کیا جا سکے۔آخر میں انہوں نے تمام کھلاڑیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی کامیاب ٹیم کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے مقابلے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔
