لیہ( نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت گزشتہ روز تحصیل کروڑ میں جاری ترقیاتی کاموں پر کام کی رفتار کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر تحصیل کروڑ محبوب اقبال ہنجرا،اسسٹنٹ کمشنر لیہ زوہیب کریم،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اسحاق کھیرانی و دیگر موجود تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبے قومی و شہریوں کی امانتیں ہیں عوامی فلاح کے ان منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت، کوتاہی یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ معیار، قواعد و ضوابط اور ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے سختی سے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ناقص مٹیریل کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی اور صرف معیاری مٹیریل کے استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی منصوبے میں معیار پر سمجھوتہ یا کام میں تاخیر پائی گئی تو ذمہ دار کنٹریکٹرز اور متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جو کنٹریکٹرز اپنے معاہدے کے مطابق کام مکمل کرنے میں ناکام رہے یا دانستہ غفلت کے مرتکب پائے گئے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں خود جا کر ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ کریں اور کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں فوری رپورٹ پیش کی جائے۔
