لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ضلع بھر میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کنٹرول، سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد، گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف جاری اقدامات کا جامع جائزہ لیا گیا۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے فیلڈ میں کی گئی کارروائیوں، جرمانوں، چالانوں اور مارکیٹ سرویلنس سے متعلق اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے واضح احکامات کے مطابق عوام کو اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں اپنی موجودگی مزید مؤثر بنائیں مارکیٹس اور بازاروں کے باقاعدہ دورے کریں سرکاری نرخناموں کی نمایاں آویزاں یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔اے ڈی سی جی نے کہا کہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔اجلاس میں ڈی او انڈسٹری محمد عاشق،ای اے ڈی اے عمران ستار،ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ڈاکٹر طارق گدارہ،اسحاق کھیرانی،فرح رحیم،ذیشان غزلانی،محمد ارشد چغتائی ودیگر موجود تھے۔
