لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کا تحصیل کروڑ لعل عیسن کا دورہ۔ ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سینٹر، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال، بس اسٹینڈ، ریڑھی بازار اور پارک کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں صفائی کا جائزہ لیا، ڈاکٹرز، سٹاف کی حاضری چیک کی، میڈیسن سٹور، ریکارڈ کی پڑتال کی اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے سہولیات بارے استفسار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں صفائی کے معیار کو بہتر کیا جائے اور عوام کو علاج معالجے کی بہترین اور مفت سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے بس اسٹینڈ کے معائنے کے موقع پر پارکنگ ایریا، شیڈ، بیٹھنے کے انتظامات اور کرایہ نامہ کا بھی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے پارک میں تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کے کام کا بھی معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے پارک کے اطراف میں لگائی گئی بے ہنگم ریڑھیوں کو فوری ہٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریڑھی مالکان کو ماڈل ریڑھی بازار میں سٹالز فراہم کئے جائیں تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو اور صارفین کو خریداری میں آسانی رہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کروڑ لعل عیسن ایک تاریخی شہر ہے اور اس کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محبوب اقبال، میونسپل آفیسر ملک اظہر چھینہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے فتح پور شہر کا بھی دورہ کیا اور میونسپل و دیگر سروسز کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹراما سینٹر فتح پور کا بھی معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں عوام کی خدمت اولین ترجیح ہے۔ بنیادی سہولیات اور تعمیراتی منصوبہ کا معائنہ کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو ریلیف ملے۔
