لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) بستی سرائی موضع کوٹلہ قاضی نشیب کے تین کمسن بچے پراسرار بیماری میں مبتلا ہونے کے باعث شدید تکالیف کا شکار ہیں اور والدین بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ 12 سالہ محمد مبین حیدر، 10 سالہ آمنہ بی بی اور ساڑھے تین سالہ نور فاطمہ نامعلوم بیماری کے باعث چارپائیوں تک محدود ہیں جبکہ گھر میں فاقوں جیسی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔والد ارشاد احمد کا کہنا ہے کہ وہ محنت مزدوری کر کے گھر چلاتا ہے مگر بچوں کے علاج پر اٹھنے والے اخراجات اس کی استطاعت سے باہر ہو چکے ہیں۔بچوں کا علاج کراتے کراتے گھر کا سامان تک بیچ چکا ہوں، مگر پھر بھی بیماری کی تشخیص نہیں ہو سکی، والد کا شکوہ۔متاثرہ والد نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف، ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار اور محکمہ صحت سے فوری تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی حالت لمحہ بہ لمحہ خراب ہو رہی ہے۔ درخواستوں کے باوجود محکمہ سوشل ویلفیئر کی عدم توجہی پر شدید دکھ کا اظہار بھی کیا گیا۔دوسری جانب اس افسوسناک خبر کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعدڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار نے فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ کو متاثرہ بچوں کے فوری معائنے اور گھر پر علاج کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کو متاثرہ خاندان کی مالی معاونت کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر لیہ کو پورے معاملے کی نگرانی اور جامع رپورٹ مرتب کرنے کی بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔اہلِ علاقہ نے ضلعی انتظامیہ کے بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ معصوم بچوں کی جان بچانے کے لیے تمام ادارے مؤثر کردار ادا کریں گے۔

