لیہ( نمائندہ لیہ ٹی وی)سموگ اور فوگ جیسے ماحولیاتی خطرات سے شہریوں کے تحفظ کے لیے ڈی آئی جی پٹرولنگ پنجاب لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے احکامات اور ریجنل پولیس آفیسر پٹرولنگ ڈیرہ غازی خان خالد محمود شاہ کی ہدایت پر پٹرولنگ پولیس ضلع لیہ کی جانب سے آگاہی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔اس سلسلے میں ڈی ایس پی پٹرولنگ ضلع لیہ راؤ عمر فاروق کی زیر صدارت تمام پٹرولنگ پوسٹس کے انچارج کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مہم کے اغراض و مقاصد، عوامی شعور بیداری کے اقدامات، اور عملی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی ایس پی راؤ عمر فاروق نے اس موقع پر کہا کہ سموگ اور فوگ ایک قدرتی آفت کی صورت اختیار کر چکے ہیں جن سے انسانی صحت اور قیمتی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پٹرولنگ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام گشت افسران عوام الناس کو دورانِ سفر احتیاطی تدابیر سے آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈرائیور حضرات فوگ کے دوران ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں، گاڑیوں کی ہیڈ لائٹس درست رکھیں فوگ لائٹس استعمال کریں اور رفتار محدود رکھیں تاکہ حادثات سے محفوظ رہا جا سکے۔ڈی ایس پی پٹرولنگ نے بتایا کہ سموگ و فوگ آگاہی مہم کے دوران پٹرولنگ پولیس کے اہلکار سڑکوں پر شہریوں میں آگاہی پمفلٹس اور ماسک تقسیم کر رہے ہیں، جبکہ دھواں چھوڑنے والی اور ناقص لائٹس والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی بھی جاری ہے کسان بھائی بھی وہ فصلوں کی باقیات کو جلانے سے گریز کریں کیونکہ اس عمل سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے۔ڈی ایس پی راؤ عمر فاروق نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر یہ مہم کامیاب نہیں ہو سکتی شہریوں کے محفوظ اور پرامن سفر کے لیے پٹرولنگ پولیس ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

