لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ملک بھر کی طرح ضلع لیہ میں کشمیر پر بھارتی قبضہ کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا۔ یوم سیاہ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی ختم نبوت چوک سے بیل چوک تک نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت سی او ایم سی راشد عزیز غزنوی نے کی۔ریلی میں ڈی ای او تعلیم گل شیر، ڈی او سپورٹس امتیاز احمد بھٹی ، افسران، اہلکاروں اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء ریلی کے کشمیر بنے گا پاکستان، تیرا میرا رشتہ کیا لا الہ الااللہ کے فلک شگاف نعرےلگائے گئے۔شرکاء نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کی عکاسی پر مشتمل فلیکس اٹھا رکھے تھے۔ یوم سیاہ کی ریلی بیل چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پرڈی ای او تعلیم گل شیرنے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے پاکستان کشمیر اور کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہےپنجاب حکومت، عوام اور افواج پاکستان کشمیر کی آزادی تک اخلاقی اور سفارتی کوششیں جاری رکھے گی۔ ڈی او سپورٹس امتیاز احمد بھٹی نے کہاکہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گایو این او کی قرارداد پر عملدرآمد مکمل امن کے لئے ضروری ہے۔ سی او ایم سی راشد عزیز غزنوی نے کہاکہ ہمارے دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں اقوام متحدہ بھارتی ظلم و جبر کا محاسبہ کرے کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے۔

