لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر کی زیر صدارت انسدادِ سموگ کے حوالے سے ڈی سی کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ ماحولیات، زراعت، ٹریفک پولیس، تعلیم، صحت، اور لوکل گورنمنٹ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع میں سموگ کی روک تھام کے لیے کیے گئے انتظامات، کارروائیوں اور آگاہی مہمات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اے ڈی سی جی شبیر احمد ڈوگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سموگ ایک سنگین ماحولیاتی اور صحت عامہ کا مسئلہ ہے اس کے تدارک کے لیے تمام محکمے عملی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ فصلوں کی باقیات جلانے، اینٹوں کے بھٹوں سے دھواں خارج ہونے، غیر معیاری ایندھن کے استعمال اور کھلی جگہوں پر کچرا جلانے کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عوام میں سموگ سے بچاؤ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے اسکولوں، کالجوں اور عوامی مقامات پر آگاہی مہمات چلائی جائیں۔ اے ڈی سی جی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام اداروں کے ساتھ مل کر سموگ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مربوط اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔اے ڈی سی جی شبیر احمد ڈوگر نے ہدایت کی کہ اپنی رپورٹس روزانہ کی بنیاد پر جمع کروائیں اور کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات محمد ارشد چغتائی نے بریفنگ دی۔

