لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے احکامات کی روشنی میں آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کا عوامی شکایات کے بروقت ازالہ اور کارکردگی کے جائزہ کے حوالے سےضلع لیہ کا دورہ، بستی جیسل اور فیملی پارک لیہ میں کھلی کچہریوں کا انعقاد۔ تھانہ کوٹ سلطان، تھانہ ستی اور صدر لیہ کے سرپرائز وزٹ، زیرتفتیش مقدمات اور پینڈنگ درخواستوں کا خصوصی جائزہ، کارکردگی میں بہتری لانے کے احکامات۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفس کا فارمل ملاحظہ، سرکل آفیسران اور ایس ایچ اوز کے ہمراہ میٹنگ کا انعقاد۔ خدمت مرکز، ٹریفک کمپلیکس اور ڈی پی او آفس کے رینویشن ورک کا افتتاح۔ امن کمیٹی، انجمن تاجران اور وکلاء نمائندگان سے خصوصی ملاقات کی. تفصیلات کے مطابق آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے حکومتِ پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت ڈی پی او لیہ محمد علی وسیم کے ہمراہ بستی جیسل علاقہ تھانہ کوٹ سلطان اور فیملی پارک علاقہ تھانہ سٹی لیہ میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہریوں میں شہریوں، تاجران، وکلاء، میڈیا و سول سوسائٹی نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آر پی او نے عوامی مسائل بغور سنے اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو میرٹ پر فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد شہریوں کے مسائل اُن کی دہلیز پر حل کرنا ہے، تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ آر پی او نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ایک ذمہ دار اور اچھے شہری کا کردار ادا کرتے ہوئے معاشرے میں موجود منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے حادثات کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ آر پی او نے مزید کہا کہ شہری پولیس کے اچھے اور غلط کردار کے حامل اہلکاروں کی نشاندہی کریں تاکہ محکمہ میں مؤثر احتساب کا عمل یقینی بنایا جا سکے۔ آر پی او نے سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشنز کوٹ سلطان ، سٹی اور صدر لیہ کے اچانک دورے کیے، جہاں انہوں نے ایس او پیز پر عمل درآمد، تفتیش کے معیار، اشتہاریوں کی گرفتاری، ریکارڈ کی تکمیل، اور فرنٹ ڈیسک کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھنے، گشت کے نظام کو مؤثر بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا۔ وزٹ کے دوران آر پی او نے ڈی پی او آفس کا فارمل ملاحظہ کیا، معائنے کے دوران مختلف برانچز میں ریکارڈ کی شفافیت اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں سرکل آفیسران اور ایس ایچ اوز کے اجلاس میں مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیکر ایف آئی آر کے بروقت اندراج، شہریوں کی دادرسی اور سروس ڈلیوری میں بہتری کی ہدایات جاری کیں۔ دورے کے دوران آر پی او نے ڈی پی او محمد علی وسیم کے ہمراہ پولیس خدمت مرکز، ٹریفک کمپلیکس اور ڈی پی او آفس کے رینویشن ورک کا افتتاح کیا، جبکہ انوسٹیگیشن بلاک لیہ کا سنگِ بنیاد رکھا۔ آر پی او نے شہریوں کی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات پر ڈی پی او لیہ کی کارکردگی کو سراہا اور خراجِ تحسین پیش کیا۔ لیہ وزٹ کے دوران آر پی او نے امن کمیٹی، انجمن تاجران اور وکلاء نمائندگان سے ملاقات کر کے مذہبی ہم آہنگی، امن و بھائی چارے کے فروغ اور تاجروں کے مسائل کے حل پر بات چیت کی۔

