لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے کہا ہے کہ ضلع کے مثالی امن کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ لاؤڈ سپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔ آذان اور خطبہ کے علاوہ لاؤڈ سپیکر کے غیر ضروری استعمال پر مقدمہ درج ہوگا۔ شرپسندی اور شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات کمیٹی روم میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز شاہد ملک، شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان، انچارج سیکورٹی برانچ یاسر گرمانی، ممبران امن کمیٹی طلحہ زبیر، سید ثقلین زیدی، عبدالرؤف، محمود احمد عثمانی،مخدوم مدثر حسین موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لئے حکومت پنجاب کے احکامات پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا۔ شر انگیزی پر مبنی سوشل میڈیا پوسٹ کرنے، اسے لائیک کرنے اور شیئر کرنے والے افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ مدارس کی رجسٹریشن یقینی بنائی جائے گی اور ضلع میں زیر تعلیم نامکمل کوائف/ کاغذات کے غیر ملکی طلبہ کو فوری حوالہ پولیس کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ کسی شہری کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی جتھہ کلچر برداشت کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستانی مسلمان ہیں اور بلا کسی مسلک و مذہب کے امن کے لئے ایک ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ممبران امن کمیٹی کا امن کے قیام میں مثالی کردار رہا ہے اور آئندہ بھی ضلع کے امن اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ضلعی انتظامیہ سے باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔ ممبران امن کمیٹی نے اس موقع پر امن کے قیام کے لئے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ بعد ازاں ملکی سلامتی اور امن و امان کے لئے دعا کی گئی۔

