لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) فالکن کے غیر قانونی شکاریوں کے خلاف محکمہ وائلڈ لائف کا گرینڈ آپریشن۔ ضلع لیہ میں دریائے سندھ پر لیہ کے مقام پر فالکن کے 4 شکاری گرفتار کر لئے گئے۔ شکار میں استعمال ہونے والا سامان قبضہ میں لے کر شکاریوں کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ریڈ سکواڈ لیہ نے اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر لیہ راؤ کاشف حمید اور اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ضلع ڈیرہ غازی خان میڈم سدرتہ المنتہیٰ کی زیر قیادت دریائے سندھ میں لیہ کے مقام پر فالکن کے ناجائز شکار کرنے والوں کے خلاف مشترکہ کومبنگ آپریشن کیا۔ اس دوران 04 کس ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا اور ان سے شکار میں استعمال ہونے والے جال، کبوتر، لاوا قبضہ میں لے لیا گیا۔ اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجرز کاشف حمید نے بتایا کہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایات پر غیر قانونی شکاریوں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور اس سلسلہ میں کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فالکن کے شکار پر حکومت پنجاب کی جانب سے پابندی عائد ہے اور اس پر مکمل عملدرآمد کروایا جائے گا۔

