لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات اور لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کا جائزہ اجلاس گزشتہ روز ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خلیل احمد، اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان، اسسٹنٹ کمشنر کروڑ محبوب اقبال ہنجرا اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے خدو خال کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب اقتدار اور اختیار کی نچلی سطح تک منتقلی اور عوام کی خدمت کے لئے عوامی نمائندہ حکومت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 اور اس کے تحت ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتیجے میں بننے والی ضلع کونسل، تحصیل کونسل اور یونین کونسل باڈیز سے تعمیر و ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت حلقہ بندی کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اور تفویض شدہ دائرہ کار کے اندر بلدیاتی انتخابات سے قبل تمام مراحل مکمل کر لئے جائیں۔

