لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) ضلع لیہ میں بھی انسداد پولیو کی 3 روزہ قومی مہم کا افتتاح کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں مہم کا افتتاح کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے 2، 2 قطرے پلائے۔ انہوں نے بچوں کو مدافعتی نظام کو تقویت دینے والے وٹامن اے کی خوراک بھی دی اور ان کی فنگر مارکنگ کی۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر شاہد ملک، سی ای او صحت ڈاکٹر شاہد ریاض، ایم ایس ڈاکٹر غلام محی الدین، ہیڈ پیڈز وارڈ ڈاکٹر ام سلمہ، اسسٹنٹ پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ذوالفقار سواگ، چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر آصف میرانی بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مرض کا انسداد ویکسین کے دو قطرے ہیں۔ بچوں کو مستقل معذوری سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے واضح ہدایات ہیں اور اس کی کامیابی کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں پانچ سال تک کی عمر کے 4 لاکھ 26 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی اور بچوں کو وٹامن اے کی خوراک بھی دی جائے گی جس سے ان کا مدافعتی نظام مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے لئے 17 سو سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی اس مہم کی کامیابی میں کردار ادا کرے۔ سی ای او صحت ڈاکٹر شاہد ریاض نے اس موقع پر کہا کہ انسداد پولیو مہم 16 اکتوبر تک جاری رہے گی اور مہم کے سو فیصد اہداف حاصل کئے جائیں گے۔

