لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لیہ امیرابیدار کی ہدایت پر ضلع بھر میں کھلی کچہریاں منعقد ہوئیں جن میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز نے صدارت کی۔تحصیل لیہ میں اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان، تحصیل کروڑ میں اسسٹنٹ کمشنر محبوب اقبال ہنجرا نے کھلی کچہریوں کی صدارت کی۔ اس دوران عوامی شکایات اور مسائل سنے گئے اور موقع پر ہی متعلقہ محکموں کو ان کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنرز نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں عوامی خدمت، شفاف طرزِ حکمرانی اور فوری انصاف کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیحات ہیں شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھے ہوئے ہے اور ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ عوامی شکایات کا ازالہ موقع پر ہی کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطہ بحال رکھنا اور شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنا ہے۔

