لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ڈپٹی کمشنر امیرابیدار نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تمام محکمے پلان کے مطابق انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنا کر بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے یہ بات انسداد پولیومہم کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اے ڈی سی جی شبیر احمد ڈوگر، سی ای اوصحت ڈاکٹرشاہدریاض،ایم ایس ڈی ایچ کیوہسپتال ڈاکٹرغلام محی الدین ،ڈاکٹرمحمدیونس کلیہ،ڈی ای او گل شیر، ڈبلیوایچ او سے ڈاکٹر گلبدین، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر صائمہ سیماب، لائیو سٹاک سے ڈاکٹر کاشف محبوب، فوکل پرسن علی احمد، شہزادہ محمد، مہر شفیق تھند اور متعلقہ افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم کا آغاز 13 اکتوبر کو تھل ہسپتال سے کیا جائے گا اور مہم 16 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مہم میں 5 سال تک کی عمر کے 4 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے 2 قطرے پلانے کا ٹارگٹ ہر صورت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کی خوراک بھی لازمی دی جائے تاکہ بچوں میں قوت مدافعت کا نظام مزید مضبوط ہو۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ مہم کے دوران 1797 ٹیمیں خدمات انجام دیں گی ضلع کے 58 ٹرانزٹ پوائنٹس، نشیبی اور تھل کے علاقوں پر خصوصی فوکس ہوگا۔
