لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک کی زیر صدارت اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس محمد حیات، ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی رانا محمد بلال، متعلقہ محکموں کے افسران اور درخواست گزار اوورسیز پاکستانی شریک ہوئے۔ اجلاس میں7 کیس پیش کیے گئے جس پر سماعت کی گئی اور متعلقہ محکموں سے رپورٹ طلب کرلی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں ان کے مسائل کے حل کے لیے یہ فورم بنایاگیاہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران درخواست گزاروں کے مسائل کو فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

