لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)لیہ شہر کے وسط میںکموکامل پھاٹک کے قریب ایک افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ستھرا پنجاب پروگرام کی ٹریکٹر ٹرالی ریلوے پھاٹک عبور کرتے ہوئے تھل ایکسپریس ٹرین کی زد میں آ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں ٹرین سے گر کر ایک مسافر موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے مسافر کی شناخت عزیز ولد محمد شریف سکنہ ضلع بھکر جبکہ زخمی شخص کی شناخت عامر شبیر سکنہ ضلع کوٹ ادو کے نام سے ہوئی ہے۔ حادثے میں ٹریکٹر ٹرالی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر نعش اور زخمی شخص کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لیہ منتقل کر دیا، جہاں زخمی کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا، جس نے ریلوے پھاٹک بند ہونے کے باوجود پٹری عبور کرنے کی کوشش کی۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ تھل ایکسپریس جو ملتان سے راولپنڈی جا رہی تھی، عارضی طور پر کچھ دیر کے لیے روکی گئی مگر بعد ازاں روانہ کر دی گئی۔
