لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) ضلع میں کھیلوں کی ایک اور جدید سہولت کا اضافہ کر دیا گیا۔ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع کونسل نے فیملی پارک میں جدید طرز اور سہولیات سے آراستہ کرکٹ ارینا قائم کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے کرکٹ ارینا کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز شاہد ملک، شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان، ایس ڈی ای او فہد نور، سی او ضلع کونسل محمد فیصل، سی او ایم سی راشد عزیز غزنوی، افسران، میڈیا نمائندگان، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور بچے موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ارینا ضلع میں ایک منفرد سہولت ہے۔ فیملی خصوصاً بچے جدید طرز کے کرکٹ ارینا سے لطف اندوز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ دنیا کا مقبول اور نوجوان نسل کا پسندیدہ کھیل ہے۔ شہر میں کرکٹ ارینا کھیلوں کی ترویج اور ٹیلنٹ ہنٹ کرنے کا ذریعہ ثابت ہوگا اور مزید نوجوان بچے اور بچیاں قومی سطح کی ٹیموں کا حصہ بن کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ کرکٹ ارینا پر ایک کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔ ضلع میں خواتین کے لئے جم اور آرچری( تیر اندازی) کے کھیل کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ فلڈ لائٹس، آسٹرو ٹرف اور نیٹ سے مزئین کرکٹ ارینا اہلیان لیہ کے لئے تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح کے کرکٹ ارینا ضلع کے دوسرے شہروں میں بھی قائم کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے اس موقع پر شاٹ کھیل کر گراؤنڈ میں کرکٹ کا باقاعدہ آغاز کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے گرین پاکستان مہم کے تحت پارک میں پودا بھی لگایا۔
