لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)اسسٹنٹ کمشنر تحصیل چوبارہ فہد نور نے گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول رفیق آباد کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر تدریسی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے حاضری رجسٹر، صفائی و ستھرائی کے انتظامات، واش رومز، کلاس رومز، فرنیچر اور کمپیوٹر لیب کاجائزہ لیا۔ انہوں نے طلبہ سے تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں بھی دریافت کیا اور اساتذہ کو تدریسی معیار مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔اسسٹنٹ کمشنر فہد نور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے بچوں کی کردار سازی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہیں اساتذہ کو چاہیے کہ حاضری اور تعلیمی نظم و ضبط کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام سرکاری اسکولوں میں معیارِ تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

