مریضوں اور لواحقین سے براہِ راست ملاقات، سی ٹی سکین اور ایکسرے سیکشن کا معائنہ، ڈاکٹرز و سٹاف کو ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے کی ہدایت
"مریضوں کی سہولت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اسپتال انتظامیہ ہر قدم پر عوام کے ساتھ ہے” – ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار
لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی وارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ایم ایس ڈاکٹر غلام محی الدین اور ڈپٹی ایم ایس بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ایکسرے روم اور سی ٹی سکین سیکشن کا بھی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ایکسرے روم اور سی سٹی سکین کے ریکارڈ کی پڑتال کی اور رجوع کرنے والے افراد سے سہولت بارے استفسار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی ویٹنگ ایریا میں لواحقین سے بھی سہولیات بارے استفسار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ایک بزرگ خاتون سے ہسپتال آنے بارے دریافت کیا تو خاتون نے کہا کہ میں ہسپتال سی ٹی سکین کروانے آئی ہوں جس پر ڈپٹی کمشنر بزرگ خاتون کو سی ٹی سکین روم تک خود لے گئیں اور انہیں تسلی دی۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے ایمرجنسی زنانہ وارڈ کا بھی معائنہ کیا اور مریضوں سے خیریت دریافت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر ہدایت کی کہ ڈاکٹرز، سٹاف اور ادویات پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ لواحقین کو مکمل گائیڈ لائن فراہم کرنا اسپتال انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈپٹی ایم ایس ہسپتال ایمرجنسی میں ہر مریض اور تیماردار کے لئے دستیاب ہونا چاہئے۔ انہوں نے تنبیہہ کی کہ ایکسرے اور سی ٹی سکین میں فلم کی عدم دستیابی کا عذر قابل قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایمرجنسی وارڈ کے ویٹنگ ایریا میں بیٹھنے کے لئے مزید کرسیاں رکھی جائیں تاکہ لواحقین آرام سے بیٹھ سکیں۔

