لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)وزیراعلی ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیہ شبیر احمد ڈوگر نے چوک اعظم روڈ پر ضلع کونسل لیہ کی جانب سے جاری گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش کے کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے موقع پر موجود اہلکاروں کی ڈیوٹی چیک کی اور جاری کام کا معائنہ کیا۔اے ڈی سی جی شبیر احمد ڈوگر نے کہا کہ گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش شہر کو خوبصورت بنانے کے عمل کا اہم حصہ ہے اسی مقصد کے تحت پودوں کی کانٹ چھانٹ، جڑی بوٹیوں کے خاتمے کے لیے خصوصی سپرے اور دیگر اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے ضلع کونسل کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ گرین بیلٹس کو مزید سرسبز اور دلکش بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہر کی خوبصورتی اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں عوامی تعاون بھی انتہائی ضروری ہے۔

