لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) محلہ قادرآباد گلی ڈاکٹر فیروز والی میں گھریلو ناچاقی نے ایک اور زندگی چھین لی۔ پانچ بچوں کے باپ 45 سالہ بلال نے جھگڑے کے دوران اپنی 40 سالہ اہلیہ منتہیٰ بی بی کو چھریوں کے متعدد وار کر کے قتل کر دیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شوہر بچوں کو اسکول چھوڑنے کے بعد گھر واپس آیا اور بیوی کے ساتھ تلخ کلامی ہو گئی جو بڑھتے بڑھتے جان لیوا جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔پولیس کے مطابق جھگڑے کے دوران ملزم بلال خود بھی شدید زخمی ہو گیا، جسے حراست میں لے کر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مقتولہ منتہیٰ بی بی کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال بھجوا دی گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور آلۂ قتل چھری بھی برآمد کر لی گئی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
