لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈیرہ غازی خان بورڈ کے سیکنڈ ایئر کے نتائج میں کپس کالج لیہ کے طلبہ و طالبات نے ایک بار پھر شاندار کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ دیے۔ ہمیشہ کی طرح اس سال بھی کالج نے ضلع بھر میں نمایاں پوزیشنز حاصل کر کے اپنی روایت کو برقرار رکھا۔اس عظیم کامیابی کی خوشی میں کپس کالج لیہ نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا جو نواب ممتاز ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں اکیڈمک ڈائریکٹر کپس کالج ڈاکٹر شیراز احمد نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شیراز احمد نے کہا کہ کپس کالج لیہ کے ہونہار طلبہ و طالبات کا ڈیرہ غازی خان بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنا ادارے اور ضلع کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سال بھی کپس کالج کے طلبہ و طالبات میڈیکل اور انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں ٹاپ کر کے نئی تاریخ رقم کریں گے۔ انہوں نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا روشن مستقبل ان کا منتظر ہے۔اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر کپس کالج لیہ چوہدری سجاد احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ کپس کالج والدین اور طلبہ کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ اپنی تمام تر صلاحیتیں اور توانائیاں بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے صرف کر رہے ہیں۔ کپس کالج نہ صرف لیہ بلکہ گرد و نواح کے اضلاع کے طلبہ و طالبات کو بھی معیاری تعلیمی ماحول فراہم کر رہا ہے۔تقریب کے اختتام پر اکیڈمک ڈائریکٹر ڈاکٹر شیراز احمد، پروجیکٹ ڈائریکٹر چوہدری سجاد احمد، پرنسپل حسن سید اور کیمپس منیجر خواجہ زاہد نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں لاکھوں روپے کے انعامات تقسیم کیے۔

