لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)سکولوں میں پانچ رنگوں کے کوڑا دان رکھنے کا فیصلہ۔ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار۔اس سلسلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز محمد رضوان،رخسانہ کوثر،پرنسلپز طاہر ذوالفقار،ارم رضوان،اکرم جاوید،محمد احمد ودیگر موجود تھے۔اے ڈی سی جی شبیر احمد ڈوگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے ماحولیاتی آلودگی اور ویسٹ مینجمنٹ کے مسائل پر قابو پانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے صوبے بھر کے تمام سکولوں میں پانچ رنگوں کے کوڑا دان رکھنے کا فیصلہ کیا ہے محکمہ تعلیم اور محکمہ ماحولیات سکولوں میں طلبہ کو ماحولیاتی آگاہی دینے اور صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف سکولوں میں صفائی ستھرائی کے معیار کو بہتر بنائے گا بلکہ نئی نسل میں کوڑا کرکٹ کی علیحدگی اور ری سائیکلنگ کے شعور کو بھی اجاگر کرے گا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سکولوں کے اساتذہ و طلبہ میں ویسٹ مینجمنٹ اور ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کے لیے سکولوں میں سیمینارز، آگاہی واکس اور تقاریب بھی منعقد کی جائینگی ۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات محمد ارشد چغتائی نے بتایا کہ پانچ مختلف رنگوں کے ڈبے مخصوص اقسام کے کوڑے کے لیے رکھے جائیں گے، جن میں سبز رنگ نامیاتی یا کچن ویسٹ کے لیے، نیلا رنگ کاغذ کے کوڑے،پیلا رنگ پلاسٹک کے لیے،سرخ رنگ خطرناک یا بایو میڈیکل ویسٹ،سیاہ رنگ عام یا مخلوط کوڑے کے لیے مخصوص ہوں گے۔

