لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی)لیہ میں کھیلوں کی تاریخ میں ایک اور تاریخی انقلاب۔لیہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سپورٹس کمپلیکس میں آرچری ( تیر اندازی) کوچنگ اکیڈمی کا افتتاح کر دیا گیا۔یوم ازادی تقریبات کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے کیک کاٹ کر کوچنگ اکیڈمی کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینیو محمد شاہد ملک، اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان، ڈسٹرکٹ سپورٹس افیسر امتیاز احمد بھٹی،انٹرنیشنل فٹبالر اور چھینہ ودیگر موجود تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرچری کوچنگ اکیڈمی کا افتتاح حکومت پنجاب کا کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک اور انقلابی قدم ہے یہ اقدام حکومت پنجاب کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت صوبے بھر میں کھیلوں کی ترقی، نوجوانوں کی تربیت اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں کھیلوں کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے حکومت پنجاب نہ صرف بڑے شہروں بلکہ دور دراز اضلاع میں بھی عالمی معیار کی کھیلوں کی سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ ہر نوجوان کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کا بھرپور موقع مل سکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تیراندازی ایک قدیم اور معزز کھیل ہے ماضی میں تیراندازی نہ صرف شکار اور دفاع کا ذریعہ تھی بلکہ جسمانی صحت، ذہنی یکسوئی اور اعصابی مضبوطی کے لیے بھی اہم سمجھی جاتی تھی آج بھی دنیا بھر میں یہ کھیل ایک اعزاز اور مہارت کی علامت ہے حکومت پنجاب آرچری کے فروغ کے لیے جدید کوچنگ سینٹرز قائم کر رہی ہے اور بین الاقوامی معیار کے آلات فراہم کیے جا رہے ہیں اور تربیت یافتہ کوچز کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ نوجوان کھلاڑی قومی اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یومِ آزادی تقریبات کے سلسلے میں ضلعی سطح پر جاری کھیلوں کے مقابلے نوجوانوں میں حب الوطنی، برداشت اور ٹیم ورک کا جذبہ پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر امیرث بیدار، اے ڈی سی آر محمد شاہد ملک اور اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان نے علامتی طور پر تیر اندازی بھی کی۔

