لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی ہدایت پر جشن آزادی کے سلسلہ میں پارکوں اور گرین بیلٹس کی صفائی ستھرائی اور بحالی کے لئے اقدامات تیز کر دئے گئے ہیں۔ قائمقام چیف آفیسر میونسپل کمیٹی لیہ شبانہ رشید نے بتایا کہ میونسپل کمیٹی کی حدود میں قائم پارکوں کی خصوصی صفائی ستھرائی کی جا رہی ہے اور جشن آزادی کی مناسبت سے درختوں کے تنوں کو سبز اور سفید رنگ کیا جا رہا ہے جبکہ گرین بیلٹس کو بھی بحال کر کے سبز اور سفید رنگ کے گملے رکھے گئے ہیں۔ اہم مقامات، چوکوں کو برقی قمقموں اور بینرز، جھنڈوں سے سجایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جشن آزادی کے موقع پر عوام کو تفریحی پارکوں میں نمایاں اور خوشگوار تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔

