لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق مستحق خاندانوں کو معاشی سہارا دینے کے لئے پنجاب سوشو اکنامک رجسڑی پروگرام جاری ہے۔ اس سلسلہ میں بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے زیر اہتمام میونسپل کمیٹی لیہ میں انومیریٹرز کی 3 روزہ تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر نے ٹریننگ سیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب مستحق خاندانوں کی کفالت کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انومیریٹرز حقدار تک اس کا حق پہنچانے کے لئے بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ سیشن کا مقصد انومیریٹرز کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے لہذا وہ فیلڈ میں تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے غیر جانبداری اور دیانتداری سے سروے مکمل کریں تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو اور حکومت کے پاس ایک مستند اور جامع ڈیٹا دستیاب ہو۔ اے ڈی سی جی نے ہدایت کی کہ فیلڈ ورکرز شفافیت اور عدل کو یقینی بنائیں تاکہ مستحق گھرانوں کو سوشل پروٹیکشن دیا جا سکے اور وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے راشن کارڈ، ہمت کارڈ، کسان کارڈ، لائیو سٹاک کارڈ، بیوہ کارڈ جیسے پروگراموں سے مستفید ہو سکیں۔

