لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی)حکومت پنجاب کی طرف سے کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی ہدایت پر ضلع میں قائم کسان سہولت سنٹر مکمل فعال ہیں اور کاشتکاروں کو معیاری کھاد، بیج اور رہنمائی دی جا رہی ہے۔ اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان نے کسان سہولت سنٹر کا افتتاح کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ عاشق حسین نے بریفنگ دی۔ اس موقع پر زراعت افسران اعجاز قیصرانی، شائستہ بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان نے کہا کہ کسانوں کی فلاح و بہبود پنجاب حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ کاشتکاروں کو معیاری بیج اور زرعی مداخل کی فراہمی اور دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو اور کاشتکار خوشحال ہوں اور ملکی معیشت مستحکم رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کو مکمل رہنمائی بھی فراہم کی جائے۔ دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر کروڑ لعل عیسن محبوب اقبال ہنجرا نے بھی کسان سہولت سنٹر کروڑ لعل عیسن کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت شہباز حسین نے انہیں سہولیات بارے تفصیلی آگاہ کیا۔ اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ ثناء اللہ ہنجرا نے رفیق آباد کسان سہولت سنٹر کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت حفیظ الرحمن نے انہیں بریفنگ دی۔