لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) اینٹی کرپشن سرکل لیہ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سینئر آڈٹ افسر شکیل احمد کو رنگے ہاتھوں رشوت لیتے گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران ملزم سے نشان زدہ 90 ہزار روپے موقع پر برآمد کر لیے گئے۔تفصیلات کے مطابق پرویز احمد خان نامی ٹھیکیدار نے اینٹی کرپشن کو تحریری درخواست دی تھی کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لیہ کے واجب الادا بل کی ادائیگی کے لیے سینئر آڈٹ افسر کی جانب سے دو لاکھ روپے رشوت طلب کی گئی ہے، جس میں سے ایک قسط پہلے ہی وصول کی جا چکی ہے، جبکہ مزید رقم کا بار بار تقاضا کیا جا رہا ہے۔درخواست موصول ہونے پر اینٹی کرپشن نے باقاعدہ منصوبہ بندی کی اور مجسٹریٹ کی نگرانی میں نشان زدہ نوٹ فراہم کیے گئے۔ سرکل آفیسر اینٹی کرپشن لیہ محمد سرفراز نے ٹیم کے ہمراہ بروقت چھاپہ مارا اور شکیل احمد کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ چھاپے کے دوران رشوت کی رقم بھی ملزم کی جیب سے برآمد کر لی گئی۔ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 13/25 تھانہ اینٹی کرپشن لیہ میں دفعہ 161 تعزیراتِ پاکستان اور 5(2)47 انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔ ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔