لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)حکومت پنجاب محکمہ زراعت توسیع لیہ کی طرف سے کپاس اور تلوں میں کیڑوں اور بیماریوں کے تدارک کے لیے کاشتکاروں کو آگاہی کی فراہمی دی جا رہی ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہ زراعت اور مقامی زرعی دوا ساز کمپنی سنجینٹا پاکستان کے زیر اہتمام کپاس اور تلوں میں کیڑوں اور بیماریوں کے تدارک پر مقامی ھوٹل میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع شیخ عاشق حسین سیمینار میں کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کپاس میں گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے ھر تیسرے دن پانی لگائیں اور ترجیحاً شام کے وقت پانی لگائیں اس دفعہ کاشتکاروں کو اچھی پیداوار اور اچھا ریٹ ملنے کی امید ھے، کاشتکاروں کی راہنمائی کے لئیے محکمہ زراعت کی ٹیمیں فیلڈز میں موجود ہیں۔اعجاز احمد قیصرانی ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول نے اپنے خطاب میں کہا کہ کاشتکار اگیتی فصل کی ہفتے میں دوبار پیسٹ سکاٹنگ لازما کریں۔فصل پر سفید مکھی کے حملے سے بچا کیلئے 15 تا20 پیلے چپکنے والے کارڈز فی ایکڑ لگائیں اور 15 دن کے وقفے سے چپکنے والا گلو دوبارہ لگائیں۔ سفید مکھی کے خلاف زہر پاشی نقصان کی معاشی حد 5 بالغ یا بچہ یا دونوں ملا کر 5 عد د فی پتا ہو تو محکمہ زراعت کے مقامی فیلڈ سٹاف کے مشورہ سے کریں۔ اگر فصل پر تھرپس کا حملہ مشاہدہ میں آئے تو چھوٹے پودوں کو پانی لگائیں یا پانی کا سپرے کریں۔بارش کے بعد کپاس پر سبز تیلے کا حملہ بڑھنے کا امکان ہوتا ہے۔اس ضمن میں اگر نقصان کی معاشی حد 1 بالغ یا بچہ فی پتا ہو تو مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے سپرے کریں۔ محمد طلحہ شیخ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع لیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے کسان کارڈ کے اندر کاشتکاروں کو بلا سود قرضہ کی دوسری قسط شروع کر دی ہے لیہ کے تمام ڈیلرز کو سختی سے اس بات کا پابند کی گیا ہے کہ وہ کاشتکاروں سے کسی کسی کی اوور چارجنگ اور کٹوتی نہیں کریں گے بصورت دیگر انکے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تلوں کی کاشت میں لیہ پنجاب بھر میں پہلے نمبر پر ھے، بہتر پیداوار اور بہترین معاوضہ حاصل کرنے کے لیے کی کاشتکار فصل میں سلفر اور فاسفورسی کھادوں کا استعمال ضرور کریں۔ صادق خان میرانی ریجنل مینیجر سنجینٹا پاکستان نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ ھمیشہ اچھی کمپنی کے زرعی مداخل استعمال کریں کیونکہ ایک تو اس سے کیڑوں میں قوت مدافعت نہیں پیدا ھوتی دوسرا کیڑوں اور بیماریوں کا لمبے عرصہ تک کنٹرول ھوتا ھے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ سنجینٹا محکمہ زراعت توسیع کے شانی بشانہ کھڑی ہے انکا ٹیکنیکل عملہ دن رات کاشتکاروں کو مشاورتی سروسز مہیا کر رہا ہے۔ سیمینار سے میڈم شائستہ قسور ، وسیم احمد، شمشاد حسین ، محمد رمضان اور دیگر زرعی ماہرین نے بھی خطاب کیا ۔ سیمینار میں کثیر تعداد میں کاشتکاروں نے شرکت کی

