لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد ملک کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں عید الضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی، سیکورٹی و دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیراحمدڈوگر، اسسٹنٹ کمشنرز ثناء اللہ ہنجرا، محبوب اقبال ہنجرا، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر طارق گدارہ، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر وسیم اعجاز، انچارج سیکورٹی برانچ انسپکٹر محمد طارق، سی اوز میونسپل کمیٹی، ممبران امن کمیٹی محمود عثمانی،قسور عباس،قاری فدالرحمان،سیدعلی رضا شاہ،ڈاکٹرمحمدیونس کلیہ،ملک غلام شبیر،محمدصادق رضا،غلام حسین،سید فضل حسین شاہ،ملک محمدرمضان،ملک محمدرمضان،طلحہ زبیر احمد،عبدالروف،حافظ جمیل احمدخان،قاری عمر حیات، سیٹھ اسلم ،انتظامی افسران ودیگرموجودتھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عید الضحیٰ ہمارا مقدس رحمتوں اور برکتوں والا فریضہ اور عبادت ہے۔انہو ں نے کہاکہ عید الضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے لئے جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے گا۔ انتظامیہ کی طرف سے آلائشوں کے لئے گٹو اور شاپر بیگ تقسیم کئے جائیں گے۔ عوام انتظامیہ سے تعاون کر کے صفائی میں اپنا کردار ادا کریں، علماء عوام کو صفائی بارے خصوصی خطبے دیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اور صفائی ،امن و امان کے قیام کے لیے بہترین انتظامات کئے جارہے ہیں ممبران امن کمیٹی سمیت تمام سٹیک ہولڈر کی کوششوں سے لیہ میں مثالی امن کی فضاءقائم ہے ضلع میں اسی اتحاد و یگانگت اور بھائی چارے کی فضاءکو قائم رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عید اور آمدہ محرم الحرام کے موقع پر پانی کے چھڑکاؤ، چونے کی لائنیں لگانے اور بجلی کی جھولتی تاروں کو مخصوص اونچائی پر لٹکایا جائے گا۔ تمام روٹس کی بروقت تعمیر و مرمت کی جائے گی اور سٹریٹ لائٹس فنکشنل کر دی جائیں گی۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں کنٹرول روم فعال رہیں گے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اسپتالوں میں ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل سٹاف،فیلڈمیں ریسکیو1122،قانون نافذکرنے والے ادارے،ٹریفک پولیس موجود رہے گی ۔اس موقع پرممبران امن کمیٹی نے اپنی تجاویزسے آگاہ کیا۔اجلاس کے آخر میں ملکی سلامتی کے لیے دعا مانگی گئی۔

