لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی ) گورنمنٹ پرائمری سکول چک نمبر 279 میں ماسٹر شوکت علی انجم کی مدتِ ملازمت مکمل ہونے پر ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سکول کے ہیڈماسٹر بلال احمد، اساتذہ شاہ عالم بودلہ، نجمہ بی بی اور طلبہ نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ الوداعی تقریب کا اہتمام کیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر بلال حسین اترا اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر مختیار حسین تھے، جنہوں نے ماسٹر شوکت علی انجم کی 37 سال 17 دن کی بےداغ تدریسی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔





معروف اساتذہ ماسٹر ذوالفقار، ماسٹر ریاض سیال اور دیگر معززینِ علاقہ نے بھی شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک، حمد و نعت سے ہوا، جبکہ بچوں نے مختلف پروگرامز پیش کر کے اپنے محبوب استاد کی خدمات کو سراہا۔ ماسٹر شوکت علی انجم کو تقریب کے اختتام پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے سکول سے ان کے گھر تک ایک شاندار جلوس کی شکل میں رخصت کیا گیا۔ اس موقع پر ان کے صاحبزادے محمد حسیب ذیشان اور محمد فیضان بھی ہمراہ تھے۔ماسٹر شوکت علی انجم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی 37 سالہ تدریسی زندگی علم، ادب، تربیت اور دیانت داری سے عبارت رہی۔ انہوں نے محکمہ تعلیم، ساتھی اساتذہ اور اپنے طلبہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان سے کوئی کوتاہی سرزد ہوئی ہو تو اللہ تعالیٰ معاف فرمائے۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ دیانت داری سے تعلیم حاصل کریں اور ملک و قوم کی خدمت کریں۔تقریب میں موجود افسران اور معززین نے بھی اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایسے باکردار اور فرض شناس اساتذہ کی تقرری وقت کی اہم ضرورت ہے۔

