لیہ( نمائندہ لیہ ٹی وی )حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں یوم تشکر کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ پبلک سکول گرلز ونگ میں معرکہ حق میں واضح فتح کی خوشی میں یوم تشکر کی شاندار تقریب منعقد کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ یوم تشکر کی تقریب میں سابق ایم پی اے چوہدری طاہر رندھاوا، قائمقام ڈی پی او غضنفرعلی شاہ، اے ڈی سی آر شاہد ملک، اسسٹنٹ کمشنرز حارث حمید خان، نور محمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ذوالفقار علی حیدری، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر سجاد، سیاسی رہنما مہر سعید اچلانہ، پرنسپل ڈی پی ایس گرلز ونگ طاہرہ ذوالفقار، پرنسپل ڈی پی ایس بوائز ونگ اکرم جاوید، سول ڈیفنس افسر محمد توقیر، میڈیا نمائندگان، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے یوم تشکر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کا جوش و جذبہ دیکھ کر دلی خوشی ہوئی بچوں سمیت ہر پاکستانی کا دل جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہے اور دنیا کی کوئی طاقت اس جذبہ کو شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور خصوصاً بچے دشمن کی جارحیت سے بالکل خائف نہیں ہوئے پاک فوج نے جو کہا وہ کر دکھایا اور پوری دنیا نے دکھایا اور دشمن کے گھمنڈ کو خاک میں ملا دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگوائے۔ قائمقام ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر غضنفر علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ترنوالہ سمجھنے والے دشمن غلط فہمی کا شکار تھے پاک فوج کے جوابی وار نے دشمن کے اوسان خطا کر دئے اور کی غلط فہمی بھی دور کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے غیور عوام اور بچوں کا جذبہ دیدنی ہے۔ سابق ایم پی اے چوہدری طاہر رندھاوا نے اپنے خطاب میں کہا کہ پوری قوم متحد اور فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وطن کے دفاع کے لئے عوام بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ پرنسپل اکرم جاوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک بہادر قوم ہے اور ملک کا دفاع پاک فوج کے مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ تقریب میں بچوں نے تقاریر کے ذریعے معرکہ حق کے شہداءاور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جبکہ ننھی طالبات نے ملی نغموں پر خوبصورت ٹیبلوز پیش کئے۔ اس موقع پر طلبہ کی طرف سے بنائے گئے پاک فضائیہ کے طیاروں کے ماڈلز بھی پیش کئے۔یوم تشکرکی تقریبات تحصیلوں میں بھی منعقدہوئیں۔گورنمنٹ بوائز ہائی سکول چوبارہ میں یوم تشکر کے موقع پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقدہوئی اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ ثنا اللہ ہنجرا نے سبز ہلالی پرچم لہرایا اور پروقار تقریب کے بعد ریلی نکالی اور بعدازاں معززین علاقہ کے ہمراہ پاک فوج کے شہیدکی قبرپرفاتحہ خوانی کی۔گورنمنٹ ہائی سکول ریلوے اسٹیشن کروڑ میں یوم تشکر کے موقع پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد ہوااسسٹنٹ کمشنر کروڑ نور محمد نے سبز ہلالی پرچم لہرایااورطلبہ کے ساتھ شریک ہوکر پاکستان زندہ باد ،افواج پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

