لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) مدرسہ علی المرتضیٰ، فیض چوک لیہ میں کرنٹ لگنے سے 16 سالہ طالب علم ابوذر ولد محبوب بے ہوش ہو گیا۔ واقعہاس وقت پیش آیا جب ابوذر الیکٹرک کولر سے پانی پیتے ہوئے کرنٹ کی زد میں آ گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچا جہاں مریض بے ہوش تھا اور اس کی سانسیں بند ہو چکی تھیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر سی پی آر (CPR) کا آغاز کیا، جس کے بعد مریض کی نبض بحال ہو گئی۔مریض کو مزید طبی امداد کے لیے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (DHQ) اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹرز نے مریض کو AED (خودکار بیرونی ڈیفیبریلیٹر) کے ذریعے دوبارہ جھٹکا دیا، جس کے بعد مریض کی سانس بحال ہو گئی اور وہ ہوش میں آ گیا۔ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت قیمتی جان بچا لی گئی۔ مریض کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
