لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)لیہ میڈیا ہاؤس کے زیراہتمام "پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد” ریلی کا پُرجوش انعقاد کیا گیا، جس نے شہر میں حب الوطنی کا نیا جوش جگا دیا۔ یہ ریلی تھانہ صدر موڑ سے شروع ہو کر کیپٹن اسفند یار شہید چوک تک نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت سابق معاونِ خصوصی برائے وزیراعلیٰ پنجاب پیر سید رفاقت شاہ گیلانی اور سی ای او لیہ میڈیا ہاوس محمد کامران تِھند نے کی۔ریلی میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات، اساتذہ، صحافیوں، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگا کر اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔ پاک فوج کے دشمن کے خلاف جرات مندانہ مؤقف اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ریلی میں فیڈریشن آف پرائیویٹ سکولز ضلع لیہ کے صدر مہر محمد شفیق تھند نے بھی خصوصی شرکت کی، جو اس بات کا واضح ثبوت تھا کہ تعلیمی حلقے بھی اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اُن کے ساتھ ضلعی کوآرڈینیٹر ملک بلال عثمانی، سینئر صحافی انجم صحرائی، پنجاب اسلامیہ اسکول کی معلمہ صائمہ، اور سابق معاون خصوصی پیر سید رفاقت شاہ گیلانی نے اظہارِ خیال کیا۔مقررین نے کہا کہ پاک فوج ہماری عزت، غیرت اور سلامتی کی ضامن ہے، اور پوری قوم ہر قدم پر اس کے ساتھ ہے۔ انہوں نے دشمن کو پیغام دیا کہ پاکستانی قوم متحد اور تیار ہے، اور ہر سازش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ سابق ایم پی اے پیر سید رفاقت شاہ گیلانی نے نے کہا کہ "پاک فوج ہماری نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے، اور دشمن کے خلاف ہر محاذ پر قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔سینئر صحافی انجم صحرائی نے اپنے خطاب میں کہا کہ "افواجِ پاکستان ملک کی سلامتی کی اولین دیوار ہے، جو دشمن کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہے اور دشمن کے حملہ کے بعد انتہائی ماہرانہ انداز اور حکمت عملی سے بھرپور جواب دے رہی ہے جس پر قوم کو اعتماد ہے فیڈریشن آف پرائیویٹ سکولز کے کوآرڈینیٹر ملک بلال عثمانی نے کہا: "ہماری نئی نسل کو وطن سے محبت اور پاک فوج کے جذبے سے روشناس کرانا ہماری ذمہ داری ہے۔ فوج قوم کا فخر ہے۔ اس ریلی میں بچے، خواتین اور اساتذہ شامل ہیں ۔معلمہ صائمہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "ہمارے بچے پاک فوج کے جذبۂ قربانی سے متاثر ہو کر ملک و ملت کی خدمت کا جذبہ لے کر پروان چڑھ رہے ہیں۔سی ای او لیہ میڈیا ہاؤس اور صحافی محمد کامران تھند نے کہا: "اس ریلی کا مقصد صرف فوج سے اظہارِ یکجہتی نہیں، بلکہ دشمنوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ پوری قوم کے ساتھ لیہ کے صحافی اور میڈیا بھی پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔ریلی میں المرتضیٰ کیڈٹ اسکول کے کیڈٹس نے اپنی وردیوں میں منظم انداز میں شرکت کر کے جذبۂ وفا کو عملی شکل دی اور عوام میں نیا جوش پیدا کیا۔یہ ریلی قوم کے اتحاد، افواجِ پاکستان سے محبت اور مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کی روشن مثال بن کر سامنے آئی۔

