لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ضلعی انتظامیہ شہر اور شہریوں کے دفاع اور حفاظت کے لئے پر عزم۔ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی زیر صدارت تمام محکموں کے سربراہان کے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے بھرپور کارروائی کر رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ موجودہ حالات میں کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی کے پیش نظر تمام محکموں کو ہر ممکن انتظامات مکمل رکھنے چاہئیں اور عوام سے رابطہ میں رہنا چاہئے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ و دیگر ادارے ضلع کی پہلی دفاعی لائن ہیں اور عوام صرف ضلعی انتظامیہ اور ان محکموں کی طرف سے جاری معلومات اور ہدایات پر ہی عمل کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سوشل میڈیا گروپ ایڈمن بلا تصدیق کسی بھی خبر کو وائرل کرنے سے گریز کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام محکمے کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی کی صورت میں باہمی رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنائیں۔

