لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، طبی عملے کی حاضری اور صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر و میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام محی الدین بھی موجود تھے جنہوں نے ڈپٹی کمشنر کو مختلف وارڈز، ایمرجنسی، او پی ڈی، فارمیسی اور لیبارٹری سمیت دیگر شعبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی




۔ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے براہ راست ملاقات کر کے ان کی شکایات اور مسائل سنے۔ انہوں نے عملے کی حاضری کو چیک کیا اور ایمرجنسی میں موجود سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اسپتال میں صفائی کی صورتحال، واش رومز کی حالت اور ادویات کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چند مقامات پر بہتری کی ہدایات بھی جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے، ادویات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویہ اپنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی سطح پر صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا بدانتظامی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ تمام وارڈز کی نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک مربوط میکانزم تیار کیا جائے تاکہ عوام کو صحت کے میدان میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

