لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے ضلع لیہ کا ایک روزہ دورہ کیا۔ کمشنر نے 315 بستر پر مشتمل زیر تعمیر جنرل ہسپتال لیہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد ملک، اسسٹنٹ کمشنرز ثناءاللہ ہنجرا، نور محمد ،سی ای او صحت ڈاکٹرشاہدریاض اور متعلقہ افسران ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے سٹیٹ آف دی آرٹ جنرل ہسپتال کی تکمیل سے علاقہ کی عوام کو بہترین طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال کی تعمیر سے ڈی ایچ کیو اور دیگر ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوگا اور عوام کو کوالٹی سہولیات گھر کی دہلیز پر دستیاب ہوں گی۔ کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری نے ہدایت کی کہ جنرل ہسپتال کے ویسٹ کی تلفی کے لئے انسینیٹر کی تنصیب کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی بروقت تکمیل اور سیکورٹی پر فوکس رکھا جائے اور کسی بھی غیر ضروری عارضی رکاوٹ کا فوری سدباب کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے اس موقع پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈی جی خان نے اس موقع پر پرجیکٹ منیجر مسٹر لیو سے بھی گفتگو کی۔ اس موقع پر آئی ڈیپ حکام نے نقشہ کی مدد سے ہسپتال کے مختلف حصوں بارے تفصیلی آگاہی دی۔

