لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے دورہ لیہ کے موقع پر اراضی ریکارڈ سنٹر لیہ کا اچانک معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد ملک بھی اس موقع پراُن کے ہمراہ تھے ۔ کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے انتظار گاہ میں موجود بزرگ شہری سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ کو ٹوکن لینے میں کوئی مشکل تو پیش نہیں آئی۔ جس پر شہری نے اراضی ریکارڈ سنٹر کی سروس پر اطمینان کا اظہارکیا ۔ کمشنر ڈی جی خان نے اس موقع پر اراضی ریکارڈ سنٹر کے مختلف کاو¿نٹرز کا تفصیلی معائنہ کیا ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو میرٹ اور شفاف انداز میں سروسز فراہم کی جائیں،ریکارڈ کے درست اندارج کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ اراضی ریکارڈ سنٹر اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے ریکارڈ میں کوئی فرق نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے سینٹر میں صفائی، بیٹھنے کی سایہ دار جگہ اور پینے کے پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

