لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کی روشنی میںپوسٹ گریجوایٹ کالج لیہ میں ووٹ کی اہمیت کے سلسلہ میں آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔جس کا بنیادی مقصد نوجوان کمیونٹی کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کرنا اور ان کے ووٹ رجسٹریشن کے مسائل کو حل کرنا تھا۔سیشن میں نوجوان طلباءو طالبات کی کثیر تعدادنے شرکت کی اس موقع پر ضلعی الیکشن کمشنر لیہ محمد خلیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے کے نوجوان ووٹ کی اہمیت کو سمجھیں کیونکہ ووٹ کا درست استعمال ملک و قوم کی ترقی میں اہمیت کا حامل ہے ۔نوجوان ووٹ کی طاقت سے معاشرے کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار اد ا کر سکتے ہیںووٹ ہر شہری کا بنیادی حق اور قومی فریضہ ہے ہر نوجوان جن کی عمر اٹھارہ سال یا اس سے زائد ہوچکی ہے وہ اپنے ووٹ کا اندراج کرائے اور الیکشن کے وقت اپنا ووٹ کا سٹ بھی کرے ووٹ کے اندراج ودرستگی کے لئے اپنے ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر میں رابطہ کرسکتے ہیں فارم نمبر21برائے اندراج و منتقلی ووٹ، فارم نمبر 22برائے اعتراض و حذف اور فارم 23برائے درستگی حاصل کرکے کوائف کو درست کرواسکتے ہیںاپنے ووٹ کے اندراج کو چیک کرنے کے لئے 8300کی ایس ایم ایس سروس استعمال کر سکتے ہیں ۔اس موقع پر فریداللہ ممبر ڈسٹرکٹ ووٹرزایجوکیشن کمیٹی اور دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جس میں انہوں نے جمہوریت کے عمل کو مضبوط بنانے کیلئے نوجوان طلباءکو آگاہ کیا۔سیشن میں ڈاکٹر کاوش تصور، میڈم نذہت یاسمین،محمد کامران اشرف ،مس ثمینہ عفت، ارسلان خالد،غلام عباس ،محمد رشید ،وسیم عالم اور دیگر ممبران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت ایک ایسا نظام حکومت ہے جس میں عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق حاصل ہوتا ہے ۔یہ عوامی رائے ،آزادی اظہار اور مساوات پر مبنی نظام ہے جو ملک کی ترقی او ر استحکام میں اہم کردار ادا کرتا ہے جمہوری نظام میں عوام کو حق حاصل ہوتا ہے کہ وہ انتخابات کے ذریعے اپنی پسند کے نمائندے منتخب کر سکتے ہیں جس سے ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے ۔