لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ملک بھر کی طرح ضلع لیہ میں بھی عید الفطر روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی عید الفطر کے اجتماعات کھلے میدانوں پارکس اور جامعہ مساجد میں منعقد ہوئے جہاں علماء کرام خطیب حضرات نے فلسفہ عید الفطر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عید الفطر ماہ رمضان کا خصوصی انعام ہے اور جو برکتیں ماہ رمضان میں اللہ تبارک و تعالی کی طرف سے نازل ہوئیں مومنین حضرات اپنے پختہ ارادے اور پاکیزہ عمل سے ان فیوض و برکات کو سال بھر سمیٹ سکتے ہیں مقررین نے کہا کہ ماہ رمضان کا مقدس ماہ ہمیں یہ سبق دے کر گیا ہے کہ اپنے سے نچلے طبقات کے ساتھ ہمدردی اور غم خواری کیسے کرنی ہے تاکہ سوسائٹی کے تمام طبقات ابرو مندانہ طور پر زندگی بسر کرنے کے قابل ہو سکیں نماز عید کے اجتماعات میں فلسطین کی ازادی عالم اسلام کی سربلندی پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اس موقع پر ضلع پولیس لیہ کی طرف سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔