لیہ( نمائندہ لیہ ٹی وی)لیہ کے شہریوں کی مشکلات کے خاتمے اور مافیاز کے چنگل سے عوام کو محفوظ رکھنا سیو لیہ کا بنیادی مقصد ہے۔ سول سوسائٹی روزمرہ زندگی کے مسائل کے حل کے لیے حکومتی مشینری کی طرف دیکھ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیو لیہ فورم کے صدر اور سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لیہ، شیخ جاوید اختر ایڈووکیٹ نے ملک مظفر اقبال دھول کی جانب سے دیے گئے افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ لیہ ڈویژن، میڈیکل کالج، تھل کینال کی ریماڈلنگ، دریائے سندھ کے کٹاؤ، سمال انڈسٹریل اسٹیٹ لیہ کی ماحولیاتی آلودگی، روزگار کے مواقع کی کمی، سی پیک سے دوری، ایم ایم روڈ پر حادثات—یہ سب لیہ کے شہریوں کے اہم مسائل ہیں، جن کے حل کے لیے عوام وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ لیہ کے حکومتی اور اپوزیشن رہنماؤں کی سنجیدہ توجہ سے ہی ان مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لیہ میں خواتین کو ہراسمنٹ سمیت مافیاز کی طرف سے مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ ان مسائل کے حل اور ریاستی مشینری و اسٹیک ہولڈرز کی توجہ مبذول کرانے کے لیے سیو لیہ کے پلیٹ فارم سے باشعور شہری اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس وقت سیو لیہ کی تنظیم سازی اور رکنیت سازی کا عمل جاری ہے، اور ہر باشعور شہری جو عوامی فلاح میں دلچسپی رکھتا ہے، اسے اس میں شامل ہونے کی دعوت دی جاتی ہے۔سیو لیہ کے سرپرستِ اعلیٰ، ملک مظفر اقبال دھول نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورم لیہ کے استحصالی طبقات کے خلاف ایک توانا آواز ہے اور مثبت ذہن رکھنے والے شہریوں کی سنجیدہ کاوش ہے، جس کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف قانون دان عنایت اللہ کاشف ایڈووکیٹ، سینئر صحافی عبدالرحمان فریدی، جنرل سیکرٹری سیو لیہ صغریٰ اور دیگر مقررین نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ لیہ کی سڑکیں شہریوں کے خون سے رنگین ہو چکی ہیں، لہٰذا لیہ کو سی پیک سے منسلک کیا جائے اور ایم ایم روڈ کو دو رویہ کیا جائے۔ لیہ-تونسہ پل کو فعال کرنے کے لیے رابطہ سڑکوں کی فوری تعمیر کی جائے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ میں وہ تمام شعبہ جات فراہم کیے جائیں، جن کی عدم موجودگی کے باعث مریضوں اور زخمیوں کو نشتر ہسپتال ملتان ریفر کیا جاتا ہے، تاکہ مقامی سطح پر علاج ممکن ہو سکے۔مقررین نے مزید کہا کہ سیو لیہ فورم ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے شجرکاری مہم کے حوالے سے سیمینارز اور مذاکرے منعقد کرے گا تاکہ شہریوں میں درختوں کی اہمیت سے متعلق آگاہی پیدا کی جا سکے۔علاوہ ازیں، لیہ میں اعلیٰ تعلیم کی سہولتوں کی کمی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ حکومت پنجاب اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ لیہ میں تعلیمی مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کریں، تاکہ یہاں کے نوجوانوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔ مقررین نے کہا کہ والدین اپنی زندگی بھر کی کمائی بچوں کی تعلیم پر خرچ کر دیتے ہیں، لہٰذا حکومت کو نوجوانوں کے لیے روزگار کے مناسب مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔تقریب میں واجد علی گیلانی نے سیو لیہ فورم کی رکنیت اور تنظیمی دائرہ کار کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر فرخ چیمہ ،چوہدری عدنان آرائیں، مقبول الہیٰ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔