لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر سپیشل بچوں کیلئے خصوصی عیدی گفٹ کی فراہمی شروع کردی گئی ہے اس سلسلے میں گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر لیہ کے سپیشل بچوں میں عید گفٹس تقسیم کئے گئے۔ ایم پی اے علی اصغر گرمانی، ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار، اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان اور ڈی ایس پی ٹریفک عمر فاروق نے عید گفٹ تقسیم کئے۔ اس موقع پر سکول سربراہ اور اساتذہ بھی موجود تھے۔ سادہ مگر پروقار تقریب میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے عیدی ملنے پر سپیشل بچے خوشی سے نہال ہوگئے اور اپنے مخصوص انداز اور جذبات میں وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر سپیشل بچوں کو عید گفٹ دئے جا رہے ہیں۔ سپیشل بچوں ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی کفالت، تعلیم اور ان کے دکھ سکھ بانٹنے کے لئے حکومت پنجاب اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ایم پی اے علی اصغر خان گرمانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے خوشی کی اس گھڑی میں دیگر طبقات کی طرح سپیشل بچوں پر خصوصی توجہ دی اور ان کی عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لئے عید گفٹ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل بچوں کی بحالی و کفالت کیلئے اقدام قبل تقلید ہے۔ عید الفطر پر سپیشل بچوں کو تحائف فراہمی کا مقصد ان کو یہ احساس دلانا ہے کہ حکومت ان کے ساتھ ہے سپیشل بچے ٹیلنٹ میں کسی سے کم نہیں اور ان کو تعلیم یافتہ اور ہنر مند بنانے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اسی طرح تحصیل کروڑ لعل عیسن میں بھی سپیشل بچوں میں عید گفٹ تقسیم کئے گئے۔ سابق ممبران اسمبلی صاحبزادہ فیض الحسن سواگ، عبد الشکور سواگ،سابق ضلعی چیئرمین ضلع کونسل ملک عمرعلی اولکھ اور اسسٹنٹ کمشنر نور محمد نے سپیشل ایجوکیشن سنٹر میں بچوں میں عید گفٹ تقسیم کئے۔ دریں اثناءتحصیل چوبارہ میں بھی سپیشل بچوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے عید کے تحائف تقسیم کئے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ ثناءاللہ ہنجرا نے سپیشل ایجوکیشن سنٹر چوبارہ میں بچوں کو عید گفٹ دئے۔ اس موقع پر سکول سربراہ اور اساتذہ بھی موجود تھے۔