ملتان(لیہ ٹی وی )ملک بھر کی طرح یوم پاکستان 23 مارچ کے موقع پر شہر اولیاء میں بھرپور ملی جذبے کا اظہار کیا اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ماں دھرتی کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پروقار پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا۔کمشنر عامر کریم خاں اور ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ٹھیک صبح 8 بجے قومی پرچم سربلند کیا اس موقع پرپرچم کشائی تقریب میں ایک منٹ کی خاموشی کے بعد سائرن بجائے گئے جبکہ ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے چاک و چوبند دستوں نے بھرپور سلامی سے دل گرمائے۔تقریب میں ملکی سلامتی و ترقی کیلئے خصوصی دعا کرائی اور پھول نچھاور کئے گئے۔پرچم کشائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ پوری قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کرتے ہیں اس سلسلے میں شہدا کی قربانیو ں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔کمشنر نے کہا کہ 23مارچ ہمیں قیام پاکستان کے سنہری اغراض و مقاصد کی یاد دہانی کراتا ہے۔یوم پاکستان پر پاک سر زمین کے تقدس اور حفاظت کے تقاضوں کا عہد کرتے ہیں۔کمشنر عامر کریم خاں کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان پر اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں کو دہرانا ہے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ ہمیں حصول پاکستان کی بھرپور جدوجہد کے آغاز کی یاد دلاتا ہے-نئی نسل یوم پا کستان پر ملکی ترقی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کا عہد کرے۔محمد علی بخاری نے کہا کہ
قائد اعظم اور دیگر بانیانِ پاکستان کے وژن کے مطابق وطن کو بلندیوں پر گامزن کرینگے۔محمد علی بخاری نے کہا کہ یوم پاکستان پر عہد کریں کہ وطن عزیز کو ترقی کا مرکز بنائیں گے۔دریں اثناء تقریب میں عوام نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور پرچم سربلند کرکے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے