لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن رمضان نگہبان پروگرام کے تحت ضلع لیہ میں 66 ہزار مستحق خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات رمضان نگہبان پروگرام کے پے ڈرافٹ کی تقسیم کے سلسلہ میں ضلع کونسل ہال میں ریونیو اور متعلقہ افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر شاہد ملک، اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ ثناء اللہ ہنجرا، اسسٹنٹ کمشنر کروڑ نور محمد، نمبردار، سیکرٹری یونین کونسلز بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب رمضان نگہبان پروگرام کے ڈرافٹ مستحق افراد کی امانت ہیں اور یہ امانت ان کے گھر کی دہلیز پر دیانتداری سے پہنچانا ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ موصول ہونے والے ڈرافٹ پر پنجاب سوشو اکنامک رجسٹریشن کے عمل کے تحت منتخب فرد کے تمام کوائف درج ہیں لہٰذا تقسیم کے عمل میں کوئی شکائت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈرافٹ متعلقہ تحصیل اور یونین کونسل سطح پر فراہم کئے جائیں گے اور عید سے قبل تمام پے ڈرافٹ تقسیم کر دئے جائیں گے جس کے لئے ریونیو افسران اور فیلڈ سٹاف محنت اور لگن سے فرائض انجام دیں۔