لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) حکومت پنجاب کی ستھرا پنجاب مہم پر عملدرآمد میں تیزی آگئی۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی ہدایت پر میونسپل کمیٹی، ضلع کونسل، لوکل گورنمنٹ اور ڈسٹرکٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے شہروں، دیہی علاقوں میں یکساں طور پر صفائی کی جا رہی ہے اور عارضی ڈمپنگ پوائنٹس سے کوڑا کرکٹ لینڈ فل سائٹس پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلہ میں میونسپل کمیٹی لیہ، کروڑ، چوک اعظم، چوبارہ، فتح پور جبکہ ضلع کونسل کی طرف سے اربن یونٹ کوٹ سلطان میں صفائی اور سیوریج کے نکاس کے لئے ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں جبکہ کھلے مین ہولز پر ڈھکن بھی لگائے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے اور عوامی شکایات پر فوری ریسپانس دیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع میں کوئی مین ہول بغیر ڈھکن کے نہیں رہنا چاہئے۔ اس صورت میں کسی بھی ممکنہ حادثہ کے رونما ہونے پر متعلقہ حکام کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ ضلع میں آوارہ کتوں کی تلفی کے لئے حکومتی ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے مہم چلائی جائے تاکہ ضلع میں کتے کاٹے کا کوئی واقعہ رونما نہ ہو۔