ملتان(لیہ ٹی وی)وزیراعظم پاکستان کے وژن "روشن پاکستان” کے تحت، نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (NCHD) اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان ( NFC) کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا بنیادی مقصد "حصول تعلیم سب کے لیے” تھا۔ تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز، وائس چانسلر این ایف سی یونیورسٹی انجینئر نصر اللّٰہ خان بابر، رجسٹرار کاشف منظور، ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی الیاس عاصم نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ اگر ہر پڑھا لکھا شخص کم از کم ایک فرد کو سکھانے کی ذمہ داری لے لے تو معاشرے میں تعلیم عام کرنا آسان ہو جائے گا۔ "روشن پاکستان” پروگرام کا مقصد ملک میں تعلیم اور ترقی کو فروغ دینا ہے۔ NCHD اور NFC کے درمیان یہ شراکت ممکنہ طور پر تعلیمی منصوبوں، تحقیق، اور تکنیکی ترقی میں تعاون کو بڑھانے کے لیے کی گئی ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے فروغ تعلیم کے عمل کو سراہتے ہوئے انہیں اس کاوش پر خراج تحسین پیش کیا اور اس امر پر زور دیا اس کا دائرہ کار تمام یونیورسٹیوں تک بڑھایا جائے اور طلبا و طالبات میں آگاہی کے لئے سیمینارز منعقد کیے جائیں تاکہ پڑھے لکھے افراد دوسرے ناخواندہ شخص کو اس قابل بنا سکیں کہ وہ معاشرے اور ملک کے لیے کارآمد بن سکے ،اس موقع پر ڈائریکٹر کاشف منظور نے طلباءاور طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے روشن پاکستان کے تحت این سی ایچ ڈی یونیورسٹی کے طلباءو طالبات کو ٹریننگ دے گا جس میں ہر طالب علم اپنے اردگرد رہنے والے نا خواندہ شخص کو پڑھانا ہو گا جس سے بلاشبہ شرحِ خواندگی میں بھی اضافہ ہو گا اور ایک پڑھا لکھا شخص ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے قابل ہو گا۔
